(ایجنسیز)
تھائی لینڈ میں مارشل لا کے بعد نگراں وزیراعظم نے 3 اگست کو پارلیمانی انتخابات کا اعلان کردیا جبکہ تحلیل شدہ حکومت کے حامیوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی نگراں وزیراعظم نیواتورانگ نے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا جس میں 3 اگست کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، مارشل لا کی حمایت کرنے والے قائم مقام نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات سے قبل
انتخابی عمل میں اصلاحات لائی جائیں گی لیکن اس حوالے سے انہوں نے کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔
دوسری جانب معزول وزیراعظم ینگ لک شیناوترا کی جماعت اوران کے حامیوں نے نئے انتخابات کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کی جائیں،موجودہ طریقہ کار کے تحت کسی صورت الیکشن کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تھائی وزیراعظم ینگ لک شناوترا کو عدالت نے اختیارات کے غیر ضروری استعمال پر 7 مئی کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد فوج نے گزشتہ روزملک میں مارشل لا نافذ کردیا تھا۔